ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب کمٹہ اور سرسی کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں کی افواہیں اور ڈپٹی کمشنر کی وضاحت

بھٹکل کے قریب کمٹہ اور سرسی کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں کی افواہیں اور ڈپٹی کمشنر کی وضاحت

Mon, 02 Dec 2024 10:31:15  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل، 2 دسمبر (ایس او نیوز): ضلع اُترکنڑا کے کمٹہ اور سرسی کے درمیان پہاڑی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کی خبروں کو ضلع اُترکنڑا کی ڈپٹی کمشنر محترمہ کے۔ لکشمی پریا نے بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ دیوی منے گھاٹ، سرسی تعلقہ کے متّی گھٹّا، سمپکھنڈ، ہیگڈے کٹّا، یلاپور تعلقہ کے چوتّی، سداپور تعلقہ کے کانسور، تٹّی کائی، ماون گُنڈی، اور ہلگیری علاقوں میں اتوار کی صبح 11:42 بجے تین سیکنڈ کے لیے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے بعد عوام میں خوف و ہراس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مزید قیاس آرائیاں کی گئیں کہ بحرِ ہند میں 10 کلومیٹر گہرائی میں ایک معمولی زلزلہ آیا تھا، جس کا اثر مغربی گھاٹ کے علاقوں تک محسوس ہوا۔

ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے ان خبروں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کسی بھی قسم کے زلزلے کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کمٹہ-سرسی علاقے میں جاری قومی شاہراہ کی تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران پہاڑوں کی کٹائی اور پتھروں کے دھماکوں سے زمین میں معمولی جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں، جنہیں زلزلے کے جھٹکے سمجھا گیا ہوگا۔

ضلع انتظامیہ نے سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلوں پر پھیلنے والی ان خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر (KSNDMC) سے رابطہ کیا۔ KSNDMC کی تصدیق کے مطابق، اس دوران ریختر اسکیل پر کسی بھی قسم کی زلزلہ کی سرگرمی ریکارڈ نہیں کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور خوفزدہ نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو زلزلے سے متعلق غیر معمولی سرگرمی محسوس ہو تو فوری طور پر ضلع آفات مینجمنٹ سینٹر سے رابطہ کریں۔

For report in English, click here


Share: